عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعتہ الوداع کے سلسلے میں کل جموں سے براہ راست آکر سیدھے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نماز جمعہ بھی ادا کی۔ ڈاکٹر فاروق نے اس موقعہ پروہاں لوگوں کے ساتھ بھی بات کی اور انہیں جمعتہ الوداع پر مبارکباد دیتے ہوئے ایام متبرکہ کے دوران جموں وکشمیر کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون اور عافیت کی زندگی کیلئے خصوصی دعائوں کااہتمام کریں ۔ نمازِ جمعتہ ادا کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ لوگوں کو اللہ کو یاد کرنا چاہیے کیونکہ اللہ کے سوا کوئی طاقت نہیں۔ وہی تھا، وہی ہے اور وہی ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنا چاہیے، کیونکہ اسی صورت میں قوم آگے بڑھ سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گیس اور پیٹرول کی قلت کی ایک وجہ دنیا میں جاری بڑی جنگ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے یہ جنگ جلد ختم ہو جائے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ جو طاقتیں اسلام کو ختم کرنا چاہتی ہیں، اللہ تعالیٰ خود اُن کو ختم کرے گا۔اس دوران انہوں نے جمعتہ الوداع کے موقعے پر تاریخی جامع مسجد (نوہٹہ) کو مقفل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک افسوسناک اقدام ہے۔