محمد تسکین
بانہال // ضلع رامبن کے چندرکوٹ میں 84بٹالین کے ٹیکٹیکل ہیڈکوارٹر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 87ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ والی بال ٹورنامنٹ 2026کا فائنل میچ منگل کے روز جوش و خروش اور کھیل کے بہترین جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔یہ ٹورنامنٹ سی آر پی ایف جموں سیکٹر کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس میں مقامی ٹیموں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔اختتامی تقریب میںاین گیابتی دیوی (فرسٹ لیڈی) مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔ اس موقع پر کمانڈنٹ این رنبیر سنگھ، سیکنڈ اِن کمانڈ وکرم سنگھ، اسسٹنٹ کمانڈنٹس روپ رام مینا، دیپک شکلا، وکاس کمار اور رام مینا کے علاوہ 84بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکار، ان کے اہلخانہ، سماجی کارکن جگل کشور چب ، مقامی کھلاڑی اور بڑی تعداد میں مقامی نوجوان موجود تھے۔اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ایچ ایم بی پرنوٹ اور چندرکوٹ ڈیفنڈرز کے درمیان کھیلا گیا جسے دیکھنے کے لیے کھیل کے شائقین کی بڑی تعداد جمع ہوئی تھی ۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایچ ایم بی پرنوٹ نے چندرکوٹ ڈیفنڈرز کو 25-16، 23-25، 25-17 اور 26-24 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔اختتامی تقریب کے دوران فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز، والی بال اور نیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔تقریب کے دوران قومی سطح کے باکسر اور تھری اسٹار ریفری سندیپ سنگھ سمیت مختلف میڈیا اداروں کے نمائندوں کو بھی یادگاری تحائف پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔