ایجنسیز
کھٹمنڈو// نیپال نے عام انتخابات کے پیش نظر تین روزہ سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ مدھیش صوبے میں بھارت سے ملحقہ سرحد 5 مارچ کو ووٹنگ مکمل ہونے تک 72 گھنٹوں کے لیے بند رہے گی۔کابینہ نے منگل کو ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کی سفارش پر 4، 5 اور 6 مارچ کو تعطیل دینے کا فیصلہ کیا۔ یہ بات وزیر داخلہ اور حکومتی ترجمان اوم پرکاش آریال نے میڈیا کو بتائی۔ادھر مدھیش صوبے کے بارا اور پارسا اضلاع کو بھارت سے ملانے والی سرحدی گزرگاہیں بھی ان تین دنوں کے لیے بند رہیں گی۔ہفتہ کے روز جنوبی نیپال کے شہر بیرگنج میں انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ پر نیپالی اور بھارتی سکیورٹی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انتخابی مدت کے دوران سرحد مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بارا کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر دھرمندر کمار مشرا، جنہوں نے اس اجلاس میں نیپال کی نمائندگی کی، نے کہا کہ دونوں فریقین نے 3 مارچ سے 72 گھنٹوں کے لیے سرحد بند رکھنے پر اتفاق کیا۔