عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں 26 فروری تک بنیادی طور پر خشک اور مستحکم موسمی حالات رہنے کا امکان ہے، اس دوران کسی بڑی بارش یا برف باری کی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔ڈائریکٹرڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں موسم کا مجموعی منظر نامہ سوائے مخصوص دنوں میں الگ تھلگ اونچی جگہوں پر ہلکی برف باری کے، کافی حد تک معمول پر رہے گا۔پیشن گوئی کے مطابق، 17فروری کو الگ تھلگ بلندی پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ 18 سے 24 فروری تک موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔25 اور 26 فروری کو آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ 27 سے 28 فروری تک حالات جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر 28 فروری کی شام یا رات کے درمیان ہلکی بارش یا برف باری کے امکانات ہیں۔1 اور 2 مارچ کے لیے، محکمہ موسمیات نے عام طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے اور الگ تھلگ بلندی پر ہلکی برف باری ہوگی۔