نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی لیڈران نے ڈھارس بندھائی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ کل پارٹی لیڈران نے ہاری پورہ کنگن جاکر کشمیر عظمیٰ اور گریٹر کشمیر کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو کیساتھ اُن کے والد نسبتی کے انتقال پر تعزیت پُرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ لیڈران نے فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب میں شرکت کی اور مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ تعزیت کرنے والوں میں پارٹی کے ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، ایم ایل اے کنگن میاں مہر علی، ترجمان عمران نبی ڈار، پبلسٹی سکریٹری میر غلام محمد ساقی، نائب صدرِ ضلع گاندربل حاجی غلام قادر آخون اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے فیاض احمد کلو اور مرحوم کے دونوں لائق فائق فرزندان کیساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔اس دوران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ایک وفد نے ہری پورہ کنگن جاکر غلام احمد میر کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔وفد کی قیادت پی ڈی پی کے ترجمان محمد اقبال ترمبو کررہے تھے اور اس میں ترجمان ذہیب میر اور سابق سٹیٹ سکریٹری عارف لائیگرو شامل تھے۔پی ڈی پی قائدین نے سوگوار خاندان بالخصوص فیاض احمد کلو،آفاق میر اور سہیل میر کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کو ابدی سکون کی دعا کی۔ انہوں نے یہ بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت اور صبر عطا فرمائے۔وفد نے پارٹی قیادت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ٹریڈرس فیڈریشن کا اظہار افسوس
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن (KTMF) نے بھی غلام احمد میر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر محمد یاسین خان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم ایک معزز اور باوقار بزرگ تھے، جن کی رحلت سے نہ صرف خاندان بلکہ سماج کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مرحوم کے داماد فیاض احمد کلو، ان کے صاحبزادگان میر آفاق اور میر سہیل سمیت تمام لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔