راجا ارشاد احمد
گاندربل// روزنامہ کشمیر عظمیٰ اور گریٹر کشمیر کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو کے والد نسبتی غلام احمد میر جمعرات کی شام طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔مرحوم کا تعلق اصل میں سوپور سے تھا اور انہوں نے ہاری پورہ کنگن میں جمعرات کی شام اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔مرحوم کو دیر رات گیارہ بجے اپنے آبائی مقبرہ میں پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا۔اُن کا چہارم پیر 16فروری 2026کو آبائی رہائش گاہ ہاری پورہ کنگن میں انجام دیاجائے گا جس دوران مقبرہ پر اجتماعی فاتحہ خوانی ہوگی جس کے بعد گھر پر تعزیتی مجلس دن بھر جاری رہے گی۔مرحوم محکمہ ایکسائز میں انسپکٹر کے عہدے پر فائز رہے تھے جہاں 12سال قبل سبکدوش ہوکروہ گھریلو معاملات میں مصروف رہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ، دو فرزند ڈی ایس پی میر آفاق احمد،ایڈوکیٹ میر سہیل احمد اور ایک دختر رہ گئی ہیں۔ان کے انتقال پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔اس دوران جموں و کشمیر سول سوسائٹی فور م اور جموں و کشمیر پنشنرز یونائیٹڈ فرنٹ فیاض احمد کلو کے والد نسبتی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ غلام احمد میر کا انتقال سوگوار خاندان اور انہیں جاننے والوں کےلئے ایک بڑا نقصان ہے۔ وانی نے فیاض احمد کلو اور ان کے اہل خانہ، خصوصاً ان کے فرزندان میر آفاق اور میر سہیل اور بیٹی کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کویہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔