عظمیٰ نیوز سروس
جموں //وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے کل قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ لولاب اور مژھل کے علاقے میں 49 فعال واٹر سپلائی سکیمیں 50 دیہات کی پانی کی ضروریات پوری کر رہی ہیں ۔ رُکن اسمبلی قیصر جمشید لون کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیموں کا باقاعدہ خیال رکھا جا رہا ہے اور یہ عوام کی پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرتی ہے ۔وزیر جل شکتی نے مزید کہا کہ پانی کی کمی والے علاقوں میں حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں مختلف جاری پروگراموں کے تحت 16 نئے بور ویل ،ڈگ ویل اور 17 نئے چشمہ کے ذرائع قائم کئے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فی الحال چار مزید ذرائع ترقی کے مراحل میں ہیں جو جل جیون مشن اور یو ٹی کیپیکس کے تحت 22 نئی واٹر سپلائی سکیموںکو کوور کر رہے ہیں ان میں سے 12 سکیمیں پہلے ہی فعال ہو چکی ہیں جبکہ باقی مختلف مراحل میں ہیں ۔ وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ پانی کی کمی والے علاقوں میں ٹینکر سروس کے ذریعے ضروری اقدامات کر رہا ہے ۔اِس سوال کے ضمن میں قانون سازوں قیصر جمشید لون ، سیف اللہ میر اور جاوید حسن بیگ نے ضمنی سولات اُٹھائے ۔