راجا ارشاد احمد
سرینگر // نشاط سرینگرسے ملحقہ زیٹھیار علاقے میں المناک واقعہ سے پیدا ہونے والے خوف و ہراس اور ہنگامے کے بعد عمر رسیدہ خاتون کا حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوگئی۔پولیس نے اس معاملے میں ملوث دو نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔مقامی لوگوں نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’’دوران شب دو نامعلوم افراد زیٹھیار نشاط میں پیشہ سے ڈرائیور جاوید احمد بڈیاری ولد غلام قادر کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور مبینہ طور پر اس کی مارپیٹ کی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔اس موقع پر جاوید احمد بڈیاری خود کو بچانے کے لئے زور زور سے چیخنے چلانے لگااور افراتفری کے دوران ہمسایہ گھر میں رہنے والی 70سالہ عمر رسیدہ خاتون سعیدہ بیگم زوجہ غلام محمد راتھر خوف زدہ ہوکر گرپڑی۔اسے فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سنٹر حضرت بل سرینگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس موقع پر نشاط پولیس موقع پر پہنچی لیکن جب تک وہ پہنچے تب تک حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔ پولیس نے اس موقع پر زخمی جاوید احمد کو طبی معائنہ کرکے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ۔معاملے کی نسبت پولیس تھانہ نشاط میں مقدمہ زیر نمبر 7/26درج کیا گیا اور حملے کے پیچھے محرکات جاننے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔