عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے بدھ کے روز بارہویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا، جن میں کم از کم 85 فیصد طلبہ کامیاب قرار پائے ہیں۔
بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ بارہویں جماعت کے امتحانات میں 85 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔
بورڈ کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات میں بھی 84 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ جے کے بوس نے دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے لیے نصاب میں 15 فیصد رعایت کا اعلان کیا تھا۔
بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمکس نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ یہ فیصلہ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے) اور ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں (ڈی ایس ای جے) کی سفارشات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی درخواستوں کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سیشن کے تاخیر سے آغاز، شدید گرمی، موسلا دھار بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلاب کے باعث تعلیمی کیلنڈر متاثر ہوا، جس کے پیش نظر نصاب میں کمی کی گئی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے ونٹر زون علاقوں بشمول یو ٹی لداخ میں سالانہ ریگولر 2025 کے امتحانات میں شریک دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اہل طلبہ 85 فیصد مارکس کے سوالات حل کریں گے، جو 100 فیصد مارکس کے مساوی ہوں گے، اس طرح انہیں نصاب میں 15 فیصد رعایت حاصل ہوگی۔
بارہویں جماعت کے نتائج جاری،امتحانات میں 85 فیصد طلباء سرخرو