عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلینس (SMVDIME)، جموں میں میڈیکل نشستوں کی عدم منظوری پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کابینہ وزیر سکینہ ایتو نے جمعرات کو بعض سیاسی جماعتوں پر ’’منفی سیاست‘‘کرنے اور تعلیمی شعبے کونچلی سطح تک لے جانے کا الزام عائد کیا۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ سیاست جمہوریت کا لازمی حصہ ہے، تاہم اسے تعلیم کی قیمت پر ہرگز نہیں کھیلا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، سیاسی جماعتیں سیاست کرتی ہیں، لیکن تعلیم پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا بدقسمتی سے کچھ لوگ تعلیم پر بھی منفی سیاست کر کے نفرت پھیلارہے ہیں اور نچلی ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں۔وزیر نے الزام لگایا کہ اس طرح کی سیاست اکثر تفرقہ انگیز ایجنڈوں کے تحت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا’’یہ لوگ مذہب کی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں، جو نہایت افسوسناک ہے۔ تعلیم کو سیاست اور فرقہ وارانہ مصلحتوں سے بالاتر رہنا چاہیے۔‘‘
نیشنل کانفرنس کے مؤقف کو دہراتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ جموں و کشمیر کو متحد رکھنے کے لیے کام کیا ہے اور کبھی مذہب یا خطے کی بنیاد پر امتیاز نہیں برتا۔انہوں نے کہانیشنل کانفرنس نے ہمیشہ جموں و کشمیر میں اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے۔ ہم نے کبھی مذہبی یا علاقائی بنیادوں پر کوئی تفریق نہیں کی۔کابینہ وزیر نے میڈیکل نشستوں کی عدم منظوری میں نیشنل میڈیکل کمیشن (NMC) کے کردار پر بھی سنگین سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہااین ایم سی نے معائنہ کرنے کے بعد ان میڈیکل نشستوں کی منظوری دی تھی۔ اب اچانک انہیں غیر منظور کرنا نہایت افسوسناک ہے ۔انھوں نے کہا اس سے سنگین خدشات جنم لیتے ہیں ۔
طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کے خدشات پر بات کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے یقین دلایا کہ حکومت پہلے سے داخل طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاجن طلبہ نے پہلے اس میڈیکل کالج میں داخلہ حاصل کیا تھا، انہیں دیگر میڈیکل کالجوں میں منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہمیں ہدایت دی ہے کہ ان طلبہ کو قریبی میڈیکل کالجوں میں ایڈجسٹ کیا جائے۔ وزیر موصوفہ کا کہنا تھا کہ کل میں نے خود سیکریٹری صحت و طبی تعلیم کو ہدایت دی کہ ایک ٹھوس تجویز تیار کی جائے تاکہ ان طلبہ کا داخلہ جلد از جلد ممکن ہو سکے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ انتظامی یا ضابطہ جاتی خامیوں کی وجہ سے کسی کو نقصان نہ پہنچے۔
کچھ لوگ تعلیم کے نام پرمنفی سیاست کر کے معاشرے میں پھیلا رہے ہیں نفرت کا زہر : سکینہ ایتو