عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے کل جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کی معروف زیارت گاہ درگاہ شریف کعبہ مرگ میںکئی اہم ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اے سی پی ڈوم، ایڈمنسٹریٹر بلاک اور مسجد شریف کے تزئین و آرائش شدہ اندرونی حصے رسمی طور افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوںنے کہا کہ بورڈ کی جانب سے یہ اقدامات مذہبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترقی کی سمت اہم پیش رفت کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے اندرابی نے کہاکہ مذہبی اداروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ زائرین اور عقیدتمندوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا وقف بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقدس مقامات کی ترقی سے نہ صرف روحانی فضا مستحکم ہوتی ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملتا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر اندرابی نے درگاہ شریف میں خصوصی دعائیں بھی مانگیں اور جموں و کشمیر کے عوام کے لیے امن، بھائی چارے اور خوشحالی کی دعا کی۔ افتتاحی تقریب میں مقامی انتظامیہ کے افسران، مذہبی علماء اور عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔بعد ازاں ڈاکٹر اندرابی نے موویرا، پہلگام میں حضرت سید احمد کرمانی ؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور سب کی فلاح و بہبود اور امن و سکون کے لیے دعا کی۔