منقبت مولا علیؓ
(منقبت درشان مولا علی کرم اللہ وجہہ )
نبی کا جشن مناؤعلی علی کہہ کے
ہر ایک غم کو بھلاؤ علی علی کہہ کے
منافقت کو مٹاؤ علی علی کہہ کے
ستونِ ظلم گراؤ علی علی کہہ کے
اگر ہو واقعی د یوانے اہلِ بیت کے تم
زبان و لب کو سجاؤ علی علی کہہ کے
میں پڑھ کے نعت محمد ؐچلا ہو ں سونے کو
فرشتوں جھولا جھلاؤ علی علی کہہ کے
جوچاہتی ہو کہ بیٹا وفا کرے تم سے
تو ماؤ دودھ پلاؤ علی علی کہہ کے
جو آئے گھر میں مخالف کسی صحابی کا
تو اس کو گھرسے بھگاؤ علی علی کہہ کے
ہماری قوم کا ایمان سرد ہے زاہدؔ
ذراسا جوش دکھاؤ علی علی کہہ کے
محمد زاہد رضابنارسی
دارالعلوم حبیبیہ رضویہ گوپی گنج،بھدوہی یوپی
ولادتِ مرتضیٰؑ
گھر میں خدا کے آگئے دنیا میں مرتضیٰء
آمد پہ اُن کی ہوگئے مسرور مصطفیٰؐ
مادر نے آکے دے دیا محمدؐ کی گود میں
آنکھیں کُھلی تو ہوگیا دیدارِ مصطفیٰؐ
مُنہ میں علیؑ کے آپ نے اپنی زبان دی
شہرِ علم سے کر گئے سرشار مصطفیٰ
نبوتؐ کے گھر میں آگئی امامت وجود میں
ختم الرسلؐ سے ہوگئی امامت کی ابتداء
محمد نے آپ کرلی ہے حیدرؑ کی کفالت
ہجرت کی شب میں کردیا حیدرؑ نے حق ادا
اُحد و بدر ہو یا ہو خندق کا معرکہ
حیدرؑ ہی واللہ بن گیا سالارِ مصطفیٰؐ
قدرت نے ان کو کہہ دیا زھراؑ کا ہم کُفو
مولا علیؑ جو بن گئے دامادِ مصطفیٰؐ
جنگ اُحد میں کردیا محمدؐ کا ہے دفاع
خیبر کی جنگ میں دیکھ لو مشکل کُشا بنا
سر پہ جو ضرب لگ گئی محوِ نماز تھے
گھر میں خُدا کے مرتضیٰ دنیا سے چل بسا
ذکرِ علیؑ ہی ہے تیرا ایمان مظفرؔ
حُبِ علیؑ ہے تیری حیات کا مدعا
حکیم مظفر حسین
باغبان پورہ لعل بازار سرینگر ، کشمیر
موبائل نمبر؛9622171322
ولادتِ علیؑ
نیا سال دو ہزار چھبیس خوش تر
کہ اس میں ہے دو بار ولادتِ حیدرؑ
عجب تیری قدرت اللہ اکبر
علیؑ کی ولادت عظیم اور برتر
علی کی محبت سے جو بھی ہے سرشار
وہ جھومے خوشی سے خوشی کے ہیں حقدار
علی والو دل سے تم خوشیاں منالو
نبیؐ اور علیؑ کے سدا گیت گائو
محمدؐ کی آمد تھی چاہت خُدا کی
علیؑ کی ولادت تھی چاہ مصطفیؐ کی
علیؑ تو دُعائے حبیبِؐ خدا ہے
عطائے جہاں آفرین کبریا ہے
وہ کعبہ ہے دیکھو کہ خانۂ خدا ہے
وہ قبلہ ہے ایک مقدس جگہ ہے
علیؑ کو یہ کیسی سعادت ملی ہے
کہ کعبے کے اندر ولادت ہوئی ہے
نبیؐ نے کہا کوئی نفسِ نبیؐ ہے
اگر ہے تو بس اِک علیؑ ہے علیؑ ہے
چمکتا ہوا آفتابِ نبیؐ ہے
دمکتا ہوا ماہ تابِ علیؑ ہے
علیؑ کی محبت میں جو ڈوب جائے
نبیؐ کی وہ رحمت کے پھل خوب کھائے
نبیؐ اور علیؑ کی جو رکھے محبت
اے عاشقؔ یقیناً ملے اُس کو جنت
عاشق حسین عاشق
شالیمار سرینگر، کشمیر
موبائل نمبر؛9018995790