عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے پیر کو انرجی ایفیشینسی سروسز لمیٹڈ کے ساتھ ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں شہر بھر میں جاری سٹریٹ لائٹنگ اور توانائی کی بچت سے متعلق مختلف منصوبوں کی پیش رفت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس دوران توانائی موثر ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کے کام کاج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں روشنی کی سطح بہتر بنانے، بجلی کے استعمال میں کمی لانے اور رہائشی علاقوں، تجارتی مراکز اور اہم ٹریفک راہداریوں میں بلا تعطل روشنی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ مو ثر اسٹریٹ لائٹنگ ایک بنیادی شہری سہولت ہے، جو عوامی تحفظ، پیدل چلنے والوں کی سہولت، رات کے وقت نقل و حرکت اور شہر کی مجموعی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔منصوبے کے مختلف اہداف اور سنگِ میل کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے معیار پر سختی سے عمل، زیر التوا کاموں کی بروقت تکمیل اور مضبوط دیکھ بھال کے نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خراب اسٹریٹ لائٹس کی فوری مرمت اور تبدیلی، بالخصوص گنجان آبادی والے اور حساس علاقوں میں، عوامی سہولت اور سلامتی کے لیے اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اجلاس میں اسٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال، خرابیوں کی اطلاع، اور شکایات کے ازالے میں درپیش مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر نے ای ای ایس ایل کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر نگرانی کے نظام کو مزید مو ثر بنایا جائے اور اینول مینٹیننس کنٹریکٹ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، جس میں متعلقہ وینڈرز کی واضح جوابدہی طے ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ایس ایم سی کے فیلڈ وِنگز اور ای ای ایس ایل ٹیموں کے درمیان بہتر تال میل پر بھی زور دیا گیا تاکہ مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔اجلاس میں مستقبل کے منصوبہ عمل پر بھی گفتگو کی گئی، جس میں توانائی بچانے والی اسٹریٹ لائٹنگ کے دائرہ کار میں توسیع، اسمارٹ لائٹنگ سسٹمز کا نفاذ، مرکزی نگرانی کے نظام اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کیا گیا، تاکہ آپریشنل کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور طویل مدتی اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔اس موقع پر فیصلہ لیا گیا کہ ای ای ایس ایل ایک تفصیلی پیش رفت رپورٹ کے ساتھ نظرثانی شدہ ٹائم لائن ایس ایم سی کو پیش کرے گا، جبکہ ایس ایم سی مختلف محکموں کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط بنائے گا تاکہ منظوریوں میں تاخیر نہ ہو اور منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی آئے۔ اس کے علاوہ مشترکہ معائنہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس کر کے تنصیبات کی کارکردگی کا جائزہ لیں گی۔کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن پائیدار اور توانائی موثر شہری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ اعتماد اور بہتر طریقے سے برقرار رکھی گئی اسٹریٹ لائٹنگ شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور سری نگر کو ایک محفوظ، روشن اور خوبصورت شہر بنانے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔