عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نقاب سے متعلق حالیہ واقعہ اس بات کا عندیہ ہے کہ نتیش کمار آہستہ آہستہ اپنی اصل سوچ اور مزاج کو ظاہر کر رہے ہیں۔سری نگر میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، جنہیں کبھی ایک سیکولر رہنما کے طور پر دیکھا جاتا تھا، اب شاید آہستہ آہستہ اپنے اصل رنگ دکھا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے واضح الفاظ میں کہا کہ یہ عمل سراسر غلط ہے اور اسے کسی بھی جواز کے تحت درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔عمر عبداللہ نے ماضی کے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔کیا آپ کو یاد نہیں کہ کئی سال قبل یہاں ایک پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک خاتون ووٹر کا برقع اتار دیا گیا تھا؟ وہ عمل بھی غلط تھا اور نتیش کمار کا یہ اقدام بھی اتنا ہی غلط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بہار کے وزیر اعلیٰ اس خاتون کو کوئی حکمنامہ دینا نہیں چاہتے تھے تو انہیں ایک طرف رکھ کر معاملہ نمٹایا جا سکتا تھا، لیکن عوامی طور پر اس طرح ذلیل کرنا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔واضح رہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے رواں ہفتے کے اوائل میں ایک سرکاری تقریب کے دوران ایک مسلم خاتون کے چہرے سے نقاب ہٹایا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے اور سیاسی حلقوں میں اس واقعے پر زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔
نقاب واقعہ سے بہار کے وزیر اعلیٰ کی حقیقت عیاں ہو گئی: عمر عبداللہ