رمیش کیسر
نوشہرہ// ڈپٹی چیف منسٹر سریندر چوہدری نے نوشہرہ ڈویژن کا تفصیلی دورہ کر کے مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعدد محکموں بشمول پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، پی ایم جی ایس وائی، تعلیم، جنگلات، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں میں جاری کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو مقررہ وقت میں معیاری کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی چیف منسٹر نے پی ڈبلیو ڈی، پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ تمام کام طے شدہ معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔جنگلات کے شعبے سے متعلق زیر التواء معاملات بھی میٹنگ میں زیر غور آئے جن کے حل کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر نے متعلقہ افسران کو مقررہ مدت میں کارروائی کرنے کی ہدایات دیں۔بعد ازاں، سریندر چوہدری نے پی ڈبلیو ڈی ڈک بنگلوں نوشہرہ میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کو بقیہ کام میں مزید تیزی لانے اور ہسپتال کی جلد از جلد کارکردگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ایس ڈی ایچ نوشہرہ کے دورے کے دوران، ڈپٹی چیف منسٹر نے مریضوں اور ہسپتال کے عملے سے بات چیت کر کے صحت خدمات کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔سریندر چوہدری نے دیہی ترقیاتی محکمہ (RDD) کی جانب سے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑکیں اور مضبوط دیہی انفراسٹرکچر ہی مجموعی ترقی کی بنیاد ہیں، لہٰذا ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔نائب وزیر اعلیٰ کے اس دورے کے دوران ایس ای پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، اے سی ڈی، ڈی ایف او سمیت دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران پر زور دیا کہ مشترکہ کوششوں سے نوشہرہ ڈویژن کے ترقیاتی اہداف کو جلد از جلد حاصل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔