عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے انسپکٹر جنرل پی کے شرما نے کہا ہے کہ سری نگر میں ایک محفوظ اور پُرامن ماحول قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، آئی جی موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں منعقدہ تیسرے سی آر پی ایف کرکٹ ٹورنامنٹ کے کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ نومبر۔دسمبر میں 2023 سے باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور اسپورٹس کلچر کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال سرینگر، بارہمولہ اور گاندربل سے تقریباً 123 ٹیموں نے دلچسپی ظاہر کی مگر وقت کی کمی کے باعث قرعہ اندازی کی گئی اور16 ٹیموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ٹورنامنٹ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سےمنعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ گراؤنڈ یونیورسٹی آف کشمیر نے فراہم کیے ہیں۔شرما نے کہا کہ نوجوانوں کی شرکت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ہم نے عمر کی پابندیاں رکھی ہیں تاکہ 19 سال سے کم اور 23 سال کے کیٹیگری میں زیادہ سے زیادہ کھلاڑی شامل ہو سکیں۔انھوں نے کہا کشمیر میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ اور جذبہ موجود ہے۔ کھیلوں کے ذریعے ہم امن، ہم آہنگی اور نوجوانوں کے ساتھ مثبت رابطہ مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
سیکورٹی کی صورتحال سے متعلق پوچھے گئے سوال پر آئی جی نے کہا کہ سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سول انتظامیہ مل کر امن برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا،آج چونکہ یہ اسپورٹس ایونٹ ہے اس لیے زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، مگر ہماری طرف سے ہر ممکن قدم اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی آر پی ایف گزشتہ 35 برس سے یہاں خدمات انجام دے رہی ہے اور عوام کا تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔
سری نگر میں امن یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں: آئی جی سی آر پی ایف