عظمیٰ نیوزسروس
جموں // چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے حکومتی کام کاج میں اِنتظامی کارکردگی اور شفافیت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے تحت باقاعدہ طور پر سنگل وِنڈو سسٹم فار ریکروٹمنٹ رولزکا آغاکیا۔اس آغازی تقریب میں سینئر اِنتظامی سیکرٹریوں اور محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اور یہ اقدام جموں و کشمیر کے تمام محکموں میں ریکروٹمنٹ رولز کی تشکیل، ترمیم اور بروقت منظوری کو آسان بنانے کے لئے ایک بڑی حکومتی اصلاحات کی نمائندگی کرتا ہے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے بات کرتے ہوئے اِس اقدام کو ایک منفرد اور تبدیلی لانے والا اقدام قرار دیا جو ریکروٹمنٹ رولز کے انتظام کے پورے عمل میں یکسانیت، کارکردگی اور بہتر نگرانی لانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ نیا نظام نہ صرف محکمانہ ورک فلو کو آسان بنائے گا بلکہ اِس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ ہر مرحلے کو ٹریک کیا جائے اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔اَتل ڈلو نے نوڈل اَفسران اور دیگر محکمہ جاتی عملے کی صلاحیت سازی اور مخصوص تربیت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نئے نظام کے مؤثر کام کو ممکن بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے اِی۔آفس نیٹ ورک کے ساتھ اس کے انضمام کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی جس سے ڈیجیٹل پروسسنگ، بہتر شفافیت اور محکمہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر کیڈر کے موجودہ تمام ریکروٹمنٹ رولز کو پورٹل پر دستیاب کرنا شفافیت اور آسان رَسائی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔اُنہوں نے اے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ اور بی آئی ایس اے جی۔این کی جانب سے وقت پر پلیٹ فارم تیار کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمانہ پروموشن کمیٹیوں (ڈِی پی سیز) کے انعقاد کے لئے اسی طرح کے ڈیجیٹل سسٹم پر کام شروع کریں جس میں ملازمین کی سنیارٹی لسٹ بھی شامل ہوںتاکہ بروقت ترقیوں کو یقینی بنایا جا سکے اور اِنتظامی تاخیر کو روکا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری اے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ شبنم کاملی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا سنگل وِنڈو سسٹم ریکروٹمنٹ رولز کے پورے عمل کو ڈیجیٹل طور پر ٹریس ایبل بناتے ہوئے نمایاں طور پر آسان کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم بھرتی سے متعلقہ فیصلوں میں وضاحت، جوابدہی اور معیاری کاری لائے گا اور توقع ہے کہ تاخیر کو کم کرے گا، قانونی چارہ جوئی کو کم کیا جائے گا اور تمام کیڈروںکے ملازمین کے لئے بروقت کیریئر کی ترقی کو یقینی بنائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ اَقدام حکومت کے اس ویژن کے مطابق ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے اِنتظامی اصلاحات کو فروغ دیا جائے۔دوران تقریب بتایا گیا کہ نیا پورٹل اِی۔آفس کے ساتھ منسلک ہوگا، ہر مرحلے کے لئے مقررہ ٹائم لائنز اور زیادہ سے زیادہ 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے تاکہ وقت کی پابندی یقینی بنائی جا سکے۔ یکسانیت اور اِستعمال میں آسانی کے لئے تمام محکموں میں معیاری فارمیٹس کو اَپنایا جائے گا۔اِس کے علاوہ ایک مضبوط صلاحیت سازی پروگرام تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ہر محکمہ میں مقررہ نوڈل اَفسران کو تربیت دی جا سکے اوریوٹی حکومت کے تمام محکموں میں نظام کے مؤثر اور کامیاب عمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے۔