عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سکمز صورہ نے جمعرات کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے بارے میں ایک وضاحت جاری کی جس میں طبی عملے کی طرف سے گزشتہ ماہ ایک شیر خوار بچے کے علاج میں سنگین لاپرواہی کا الزام لگایا گیا تھا۔ ہسپتال کا کہنا ہے کہ بچے کی موت کا سبب بننے والے حالات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس میں ملوث ڈاکٹر کو زیر التواء انکوائری تک منسلک کر دیا گیا ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ 18 اکتوبر 2025 کو والدین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت کے بعد، SKIMS انتظامیہ نے معاملے کی تفصیل سے جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ شعبہ کے سربراہ نے پہلے ہی اس میں ملوث ڈاکٹروں کو کمیٹی کے کنوینر کے ساتھ منسلک کر دیا ہے ۔کمیٹی اپنی انکوائری کے آخری مراحل میں ہے اور منصفانہ، شفاف اور جامع تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے والدین کے بیان کا انتظار کر رہی ہے۔سکمزانتظامیہ نے یقین دلایا کہ انصاف فراہم کیا جائے گا اور اگر کوئی قصوروار پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔