عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/قومی راجدھانی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر اتوار کی شام تیز آندھی اور بارش کے دوران ایئر انڈیا کے تین طیاروں کو پہنچنے والے نقصان کی جانچ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے شروع کر دی ہے۔
ڈی جی سی اے نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ کل پیش آنے والے اس حادثے میں دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل-2 پر کھڑے ایئر انڈیا کے تین اے 320 طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ طیاروں کو گراؤنڈ آلات اور ہوا کے ساتھ اڑ کر آنے والی کسی چیز کے ٹکرانے سے نقصان پہنچا ہے۔ بیان کے مطابق یہ واقعہ شام 4:30 بجے کے قریب پیش آیا۔ شہری ہوا بازی کے ریگولیٹر کے مطابق، تیز ہواؤں کی وجہ سے اسٹینڈ میں رکھے گئے دو گراؤنڈ آلات اپنی جگہ سے حرکت کرنے لگے اور دو الگ الگ طیاروں سے ٹکرا گئے، جس سے انہیں نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ، ایک اور طیارے کی داہنی جانب کی سلائیڈنگ کھڑکی سے ہوا میں اڑ کر آنے والی کوئی چیز ٹکرانے سے اسے بھی نقصان پہنچا ہے۔
ہوائی اڈے پر کل شام اچانک موسم بدل گیا تھا اور موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز آندھی چلنے لگی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران ٹرمینل-2 کے ’بے‘ میں انڈیگو کی گراؤنڈ ہینڈلنگ ٹیم کی لوہے کی سیڑھی تیز ہواؤں کے ساتھ خود بخود آگے بڑھنے لگی اور اس سے پہلے کہ اسے قابو کیا جاتا، وہ ایئر انڈیا کے طیاروں سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اسٹیپ لیڈر میں پہیے لگے ہوتے ہیں اور اس وقت اس کے پہیے لاک کیے گئے تھے یا نہیں، یہ جانچ کا موضوع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آندھی اور بارش کے بارے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئی وارننگ نہیں دی گئی تھی۔ یہ ایک انتہائی مقامی موسمی صورتحال تھی اور آس پاس کے علاقوں میں موسم پرسکون تھا۔ ڈی جی سی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں متاثرہ طیاروں کو جانچ اور مرمت کے لیے سروس سے باہر کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
دہلی ہوائی اڈے پر آندھی میں ایئر انڈیا کے تین طیاروں کوپہنچا نقصان ، جانچ جاری