غیر قانونی یا ماحولیاتی عدم تعمیل ناقابل برداشت،ہدایات عملی طور پر نظر آنے والے نتائج میں تبدیل ہوں:جاوید رانا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نےمحکمہ کے سینئر اَفسران کو ہدایت دی کہ جموں جنگلاتی ڈویژن میں غیر قانونی طور پر چلنے والے سٹون کریشر یونٹوں، ہاٹ مکس پلانٹوں اور بیچنگ پلانٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔وزیر موصوف نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس کا مقصد جنگلاتی علاقوں میں اور ان کے آس پاس کام کرنے والے صنعتی یونٹوںکے کام کاج اور قانونی تعمیل کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔دورانِ میٹنگ جاوید رانا نے اِس بات زور دیا کہ کسی بھی غیر قانونی یا ماحولیاتی عدم تعمیل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگلات یا ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی یونٹ کے خلاف تمام متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی کریں۔ اُنہوں نے اس بات پربھی زور دیا کہ یہ ہدایات عملی طور پر نظر آنے والے نتائج میں تبدیل ہوںاور فیلڈ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک فعال اورنتیجہ خیز رویہ اَپنائیں۔وزیر جاوید رانا نے مزید ہدایت دی کہ افسران ہر فعال یونٹ کے ذریعہ عملائے جانے والے آلودگی کنٹرول قابو پانے کے اقدامات کی جامع جانچ کریں۔اُنہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں اوردیرپا عملی طریقوں کی سختی سے پابندی کے ذریعے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے تمام جنگلاتی حلقوں سے تفصیلی معائینہ اور مانیٹرنگ رپورٹس جمع کرنے پر زور دیا اور اس بات کو اُجاگر کیا کہ مؤثر نفاذ کے لئے باقاعدہ فیلڈ اِنسپکشن اور بروقت رپورٹنگ ضروری ہے۔اُنہوںنے جنگلاتی علاقوں میں غیر مجاز کھدائی، زمین کی سطح درست کرنے، باقیات جمع کرنے اور کوڑا کرکٹ پھینکنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کو فوری اِصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔وزیر جنگلات و ماحولیات نے قدرتی پودوں کو نقصان سے بچانے اور جنگلات اور ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کی مکمل تعمیل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے جنگلات کی علاقائی وِنگ، آلودگی کنٹرول بورڈ اور فارسٹ پروٹیکشن وِنگ کے درمیان اِدارہ جاتی تال میل اور ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مؤثر نگرانی، فوری ردِّعمل اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر عمل آوری کے لئے ایک مضبوط بین محکمہ جاتی رابطہ کاری کا فریم ورک بہت ضروری ہے۔جاوید رانانے عمر عبداللہ حکومت کے دیرپا اور ذِمہ دارانہ ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کو ماحولیاتی تحفظ اور وسائل کے دانشمندانہ اِستعمال کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ محکمہ جنگلات خطے کے بھرپور ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کے لئے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔