عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جیل میں بند بارہمولہ کے ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید نے دہلی کے حالیہ دھماکے اور پرتشدد سرگرمیوں میں پڑھے لکھے کشمیریوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت کے خلاف احتجاج کے لیے نئی دہلی کی تہاڑ جیل نمبر 1 میں دو روزہ بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔اس پیشرفت کی تصدیق عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے چیف ترجمان انعام النبی نے کی، جنہوں نے جیل کے ڈائریکٹر جنرل کو انجینئررشید کے ایک خط کا حوالہ دیا۔ خط کے مطابق بھوک ہڑتال کا مقصد دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع کو اجاگر کرنا اور کشمیریوں کو خطے کے پڑھے لکھے نوجوانوں بشمول ڈاکٹروں کی پرتشدد کارروائیوں میں شرکت سے خبردار کرنا ہے۔انجینئر رشید نے اپنے خط میں زور دیا کہ ان کا احتجاج کشمیریوں کو یہ یاد دلانے کی کوشش کرتا ہے کہ ہم اپنی نوجوان اور تعلیم یافتہ نسل کو کھونے کے متحمل نہیں ہوسکتے اور یہ کہ مہذب معاشرے میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔انعام النبی نے دہلی دھماکے سے متاثرہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی، جبکہ ایم پی کے علاقے میں امن اور تحمل کے مطالبے پر زور دیا۔