عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے آرٹیفیشل لِمب مینوفیکچرنگ کارپوریشن آف انڈیا (ALIMCO) کے اشتراک سے ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک خصوصی رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا جس کا مقصد ان معذور افراد اور بزرگ شہریوں کو رجسٹر کرنا تھا جو اب تک سرکاری فلاحی اسکیموں سے محروم رہ گئے ہیں۔کیمپ کا افتتاح چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ایڈووکیٹ نسیم لیاقت نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے معاشرے کے کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالرحیم نے کیمپ کے مقاصد سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کا ہدف ان مستحق افراد کو شناخت کر کے رجسٹر کرنا ہے جو تاحال حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی فلاحی اسکیموں جیسے پنشن اسکیمیں، یو ڈی آئی ڈی کارڈز، اور معاون آلات سے محروم ہیں۔ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کئی مستفیدین کو موقع پر ہی رجسٹر کیا گیا۔ اس موقع پر موجود افسران نے رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ اسکیموں کی معلومات بھی فراہم کیں اور درخواست کے عمل میں تعاون بھی پیش کیا۔چیئرپرسن نسیم لیاقت نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تمام مستحق شہریوں کو حکومتی امداد فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ کوئی بھی شخص سہولیات سے محروم نہ رہ جائے۔کیمپ میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے فیلڈ اہلکاروں اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا اور پروگرام کو کامیابی سے مکمل کروانے میں تعاون فراہم کیا۔