عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پہلگام حلقے کے سابق رکن اسمبلی اور اپنی پارٹی کے جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے منوج سنہا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کی مداخلت سے پہلگام کے معروف سیاحتی مقام آرو ویلی کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ یہ علاقہ 22 اپریل کو سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔
جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، رفیع احمد میر نے 16 جون کو راج بھون سرینگر میں ایل جی منوج سنہا سے ملاقات کی تھی، جہاں انہوں نے تحریری طور پر درخواست پیش کرتے ہوئے آرو ویلی کو دوبارہ کھولنے کی اپیل کی تھی۔
انہوں نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ پہلگام کے دیگر مقامات کی طرح آرو ویلی بھی ایک اہم سیاحتی مرکز ہے جہاں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔ اس سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں، جن میں سیاحت سے جڑے افراد، ٹٹو سروسز فراہم کرنے والے، ٹیکسی ڈرائیور، دستکاری سے وابستہ کاریگر اور ہوٹلنگ کے شعبے سے منسلک افراد شامل ہیں، جن کا انحصار براہ راست آرو ویلی کی سیاحت پر ہے۔
آرو ویلی دوبارہ کھولنے پر اپنی پارٹی کے لیڈر رفیع احمد میر کا ایل جی کے تئیں اظہارِ تشکر
