عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سامنے دہشت گردی پر ہندوستان کے موقف کو بالکل واضح کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی کا ہر عمل مجرمانہ اور بلاجواز ہے اور تنظیم کو اجتماعی سلامتی کو درپیش اس خطرے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔
راجناتھ سنگھ نے چین کے چنگ داو میں جمعرات کو ایس سی او ممالک کے وزرائے دفاع کی میٹنگ میں زور دے کر کہا، ’’امن اور خوشحالی دہشت گردی اور غیر ریاستی عناصر کے ہاتھوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ نہیں رہ سکتی۔ دہشت گردی کے مرتکبوں، حامیوں، مالی معاونین اور اسپانسرز کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کی موجودگی میں واضح الفاظ میں کہا کہ آپریشن سندور کے ذریعے ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف دفاع اور سرحد پار سے حملوں کو روکنے کا اپنا حق استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے اب محفوظ نہیں ہیں اور ہندوستان انہیں نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کرے گا۔
راجناتھ سنگھ نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے رکن ممالک سے اجتماعی سلامتی کو درپیش اس خطرے کو ختم کرنے کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی۔ وزرائے دفاع، ایس سی او کے سیکریٹری جنرل، ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے (آراے ٹی ایس) کے ڈائریکٹر اور دیگر معزز مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر دفاع نے کہ خطے کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز امن، سلامتی اور اعتماد کی کمی سے متعلق ہیں، بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی، انتہا پسندی اور دہشت گردی ان مسائل کی بنیادی وجوہات ہیں۔
دہشت گردی کا ہر عمل مجرمانہ ،ایس سی او کا اسے ختم کرنے کے لیے متحد ہونا ضروری: راج ناتھ
