یو این آئی
دبئی// ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور انگلینڈ کے سلامی بلے باز بین ڈکیٹ کی ہیڈنگلے ٹیسٹ میں کھیلی گئی سنچری اننگز کے بعد دونوں کھلاڑی آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازی کی رینکنگ میں اپنی کیریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے آج جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق پنت 800 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ڈکیٹ نے پانچ درجے کی چھلانگ لگا کر آٹھواں مقام حاصل کیا ہے ۔ اس کے علاوہ شبھمن گل اور دیگر کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے ۔ جبکہ جو روٹ 889 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، ہیری بروک 874 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، کین ولیمسن تیسرے اور ہندوستان کے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال 851 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے درجے پر ہیں۔بین ڈکیٹ کے انگلینڈ کے ساتھی اولی پوپ تین درجے ترقی پا کر 19ویں نمبر پر اور جیمی اسمتھ 27ویں نمبر پر ہیں، دونوں کی رینکنگ میں کچھ بہتری دیکھی گئی ہے ۔ جبکہ ہندوستانی کپتان شبھمن گل پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد پانچ درجے ترقی پا کر 20ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈرا ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں ان کے کئی کھلاڑیوں کی بیٹنگ رینکنگ میں کچھ بہتری آئی ہے ، جن میں مشفق الرحیم سب سے آگے ہیں، جنہوں نے گالے میں 163 رنز کی اننگز کھیلی۔ مشفق الرحیم ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں 11 درجے کی چھلانگ لگا کر 28ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ان کے ساتھی نجم الحسین شانتو نے اسی میچ میں دو سنچریاں بنانے کے بعد 21 درجے کی چھلانگ لگا کر 29ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے ۔