عظمیٰ نیوز سروس
گلمرگ//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گلمرگ کو ایک اعلیٰ عالمی گالف مقام کے طور پر دوبار قائم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے گالف کے بنیادی ڈھانچے، بین الاقوامی سطح کے مقابلوں اور سیاح دوست سہولیات پر خصوصی توجہ دینے کاوعدہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے گلمرگ گالف چمپئن شپ کے دوران کھلاڑیوں اور ہوٹل مالکان کو انعامات دیتے ہوئے کہا،’’ہم چاہتے ہیں کہ گلمرگ ایک مرتبہ پھر عالمی معیار کا گالف مقام بنے۔ ہم گالف، اس کے بنیادی ڈھانچے اور ٹورنامنٹوں پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ جموں و کشمیر کو دُنیا بھر میں گالفنگ سیاحت کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہو۔‘اُنہوں نے کہا،’’یہ وہ سیاح ہوتے ہیں جو صرف گالف نہیں کھیلتے بلکہ ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں، سیر و تفریح کرتے ہیں اور خریداری بھی کرتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے مقامی رُکن قانون ساز اسمبلی فاروق احمد شاہ کے رول کو سراہتے ہوئے سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اَپنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ہر سیاح کو ایک وقتی مہمان نہیں بلکہ ممکنہ مستقل مہمان کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ اِس سے قبل وزیر اعلیٰ نے نو تعمیر شدہ گلمرگ کنونشن سینٹر کا معائینہ کیا اور اسے ’’شاندار عمارت‘‘قرار دیا جس میں آڈیٹوریم، میٹنگ ہال، گیسٹ رومز اور کھانے کے لئے مخصوص جگہیں موجود ہیں۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ گلمرگ کو مکمل تفریحی مقام بنانے کے لئے شام کے اوقات میں سنیما، کافی شاپس اور ریستوران جیسے تفریحی مواقع فراہم کئے جائیں۔وزیرا علیٰ نے انکشاف کیا کہ حکومت جموں و کشمیر گالف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر غور کر رہی ہے تاکہ یونین ٹریٹری میں سری نگر، پہلگام، گلمرگ اور جموں کے سدھرا جیسے مقامات پر موجود تمام اہم گالف کورسز کی دیکھ دیکھ پیشہ ورانہ انداز میں ممکن بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کونگڈوری میں 726 میٹر لمبی اسکی ڈریگ لفٹ کا سنگ بنیاد رکھاجس کی تخمینہ لاگت 6.84 کروڑ روپے ہے۔ ا ُنہوں نے سیون سپرنگز کے نام سے مشہور آبی ذخیرے کی ترقی و خوبصورتی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور اِس منصوبہ پر 50لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ پونی والوں کے ایک گروپ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ان کے سامنے مختلف مطالبات بالخصوص گلمر گ اور اس کے آس پاس کے سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے سے متعلق رکھے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر گلمرگ کنونشن سینٹر کا معائینہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ باقی کاموں کو جلد مکمل کریں تاکہ یہ مرکز جلد از جلد فعال ہو اور بڑے ایونٹوں کی میزبانی ممکن ہو سکے۔وزیر اعلیٰ نے سائیکلوتھون کو جھنڈی دِکھا کر کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی اور وادی میں ماحول دوست سیاحت کو فروغ دیا۔