یواین آئی
دبئی/آئندہ ویمنز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 5 اکتوبر کو ہونے والا میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔آج جاری ہونے والے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق 30 ستمبر کو ہندوستانی ٹیم اور سری لنکا کے درمیان بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔ 26 اکتوبر کو ہندوستان بنگلور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اپنی مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف یکم اکتوبر کو اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کرے گا، وہ 8 اکتوبر کو کولمبو میں پاکستان سے بھڑے گا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ 22 اکتوبر کو اندور میں ہوگا۔ہندوستان بارہ سال بعد خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔ ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے براہ راست ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش نے لاہور میں ہونے والے کوالیفائر کے بعد ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان ہائبرڈ معاہدے کے تحت پاکستان اپنے تمام میچ کولمبو میں کھیلے گا۔ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کے بقیہ میچز 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش، 15 اکتوبر کو انگلینڈ، 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ، 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ اور 24 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف ہوں گے ۔ہندوستان بمقابلہ سری لنکا 30 ستمبر کو بنگلورو میں، آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ یکم اکتوبر کو اندور میں، 3 اکتوبر کو جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، 5 اکتوبر کو کولمبو میں ہندوستان بمقابلہ پاکستان، اندور میں 6 اکتوبر کو جنوبی افریقہ بمقابلہ نیوزی لینڈ، گوہاٹی میں 11 اکتوبر کو سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ، 15 اکتوبر کو کولمبو میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، 22 اکتوبر کو اندور میں انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا، 25 اکتوبر کو اندور میں جنوبی افریقہ بمقابلہ آسٹریلیا، 26 اکتوبر (دوپہر) کو گوہاٹی میں انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ، 26 اکتوبر کو بنگلورو میں ہندوستان بمقابلہ بنگلہ دیش کے درمیان میچزہوں گے ۔ٹورنامنٹ میں کل 28 لیگ میچز اور تین ناک آؤٹ مقابلے ہوں گے ۔ پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں، دوسرا 30 اکتوبر کو بنگلورو میں ہوگا۔فائنل میچ 2 نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں کھیلا جائے گا۔