عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی کے کالکاجی میں نوٹس کی میعاد ختم ہونے کے ساتھ ہی بدھ کی صبح سویرے بلڈوزر کارروائی شروع ہو گئی۔ ہائی کورٹ سے منظوری ملنے کے بعد کالکاجی بے زمین کیمپ کی جھگی بستی میں 1200گھروں کو منہدم کیا جا رہا ہے۔ احتجاج کے اندیشے کو دیکھتے ہوئے موقع پر کثیر تعداد میں سلامتی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے ساتھ ہی نیم فوجی دستوں کے جوان بھی موقع پر موجود ہیں۔ ڈی ڈی اے کی طرف سے یہاں تین دنوں کے اندر جھگی جھونپڑیوں کو خالی کرنے کا نوٹس چسپاں کیا گیا تھا۔دہلی کے کالکاجی علاقے میں موجود بے زمین کیمپ میں بڑی تعداد میں جھگیاں ہیں۔ الزام ہے کہ یہاں بہت سی جھگیوں کو ڈی ڈی اے کی زمین پر تجاوزات کرکے بنایا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے انہیں توڑنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد ڈی ڈی اے کی طرف سے تین دنوں کی مہلت دیتے ہوئے نوٹس چسپاں کیا گیا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ 10 جون تک جھگیوں کو خالی کر دیا جائے، اس کے بعد توڑ پھوڑ کا کام شروع ہوگا۔بدھ کی صبح قریب 5بجے ہی نصف درجن بلڈوزر ایکشن میں نظر آئے۔ بھاری پولیس فورس کے ساتھ پہنچی ٹیموں نے جھگیوں اور پختہ مکانوں کو توڑنا شروع کر دیا۔ زیادہ تر لوگ جھگیوں سے اپنا سامان نکال چکے تھے تو بہت سے لوگ بلڈوزر پہنچنے کے بعد سامان سمیٹتے ہوئے نظر آئے۔