کولگام// جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین ملی ٹینٹ معاونین کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس تھانہ قائموہ میں درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 02/2025 زیر دفعہ 13، 18 اور 39 یو اے پی اے کی تحقیقات کے دوران، کولگام پولیس نے فوج کی 1 آر آر اور سی آر پی ایف (18 بٹالین) کے ساتھ مل کر تین ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدگان میں عبید خورشید کھانڈے ولد خورشید احمد کھانڈے، مقصود احمد بھٹ ولد محمد رمضان بھٹ اور عمر بشیر ولد بشیر احمد ڈار شامل ہیں، جو کہ ٹھوکرپورہ قائموہ کولگام کے رہائشی ہیں۔
پولیس کے مطابق، ان کے قبضے سے 02 اے کے سیریز رائفلز، 08 اے کے سیریز میگزین، 217 اے کے راؤنڈز، 05 دستی بم اور 02 میگزین پاؤچ برآمد ہوئے۔
پولیس نے کہا کہ گرفتار شدگان کا عسکری تنظیم لشکر طیبہ/ٹی آر ایف کے فعال ملی ٹینٹوں کے ساتھ قریبی رابطہ تھا اور وہ ضلع کولگام میں بڑے پیمانے پر عسکری کارروائیاں انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اس کاروائی سے پولیس نے ایک سنگین عسکری منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے اپنے عزم کو مزید تقویت دی ہے۔
کولگام پولیس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ کسی بھی قابل عمل معلومات کی فراہمی میں تعاون کریں اور یقین دہانی کراتی ہے کہ قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے گی۔