عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مدھیہ پردیش کے اندور میں ایک کسان نے اپنے کمرے میں دنیا کے سب سے مہنگے مصالوںمیں سے ایک اور روایتی طور پر وادی کشمیر سے منسلک زعفران اگا کر ایک شاندار زرعی کارنامہ انجام دیا ہے۔انیل جیسوال، جنہوں نے اپنے گھر کی دوسری منزل کے کمرے میں ‘ایروپونکس’ طریقہ کے ذریعے زعفران اگایا، جس میں مٹی کا استعمال نہیں کیا گیا ہے، نے بتایا کہ اس نے اسے گھریلو بازار میں 5 لاکھ روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر قیمتیں 8.50 لاکھ روپے فی کلو تک ہو سکتی ہیں۔ اس نے کہا”میں کچھ سال پہلے اپنے خاندان کے ساتھ کشمیر گیا تھا اور پانپور میں زعفران کے کھیتوں کو دیکھ کر متاثر ہوا ۔ اس کے بعد میں واپس آیا، درجہ حرارت، نمی، روشنی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا ایک کنٹرول شدہ ماحول بنایا اور ایک کمرے میں زعفران اگانے کے لیے جدید ایروپونکس ٹیکنالوجی کا سامان لگایا‘‘۔جیسوال نے کہا کہ اس کا خیال کشمیر کی آب و ہوا کی نقل تیار کرنا تھا، جس کا دوسری منزل کا کمرہ اب خوبصورت جامنی رنگ کے زعفرانی پھولوں کی وجہ سے سب کی نگاہوں کا مرکز ہے۔ ان پودوں کو عمودی ریک میں پلاسٹک کی ٹرے میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا ’’320 مربع فٹ کے کمرے میں زعفران کی کاشت کے لیے بنیادی ڈھانچہ بنانے میں مجھے 6.50 لاکھ روپے کی لاگت آئی، میں نے کشمیر کے پانپور سے ایک ٹن زعفران کے بلب منگوائے،میں اس موسم میں اس کے پھولوں سے ڈیڑھ سے 2 کلوگرام زعفران حاصل کرنے کی توقع رکھتا ہوں، زعفران کے بلب ستمبر کے پہلے ہفتے میں رکھے گئے تھے اور اکتوبر کے آخر تک پھول کھلنا شروع ہو گئے تھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ان کے کمرے میں اگایا جانے والا زعفران مکمل طور پر نامیاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا خاندان مدد دے رہا ہے۔یہ بتاتے ہوئے کہ کمرے میں گایتری منتر اور سکون بخش موسیقی چل رہی ہے، جس میں پرندوں کی چہچہاہٹ بھی نظر آتی ہے، جیسوال کی بیوی کلپنا نے کہا کہ اس کوشش کے پیچھے فلسفہ یہ ہے کہ درختوں اور پودوں میں بھی زندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ “ہم موسیقی بجاتے ہیں تاکہ پودے فطرت کے قریب محسوس کریں یہاں تک کہ جب وہ کمرے میں بڑھ رہے ہوں۔”ایروپونکس کے ماہر پروین شرما نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہیں لیکن منافع اور پائیداری تب آئے گی جب کاشت کی لاگت کم رکھی جائے گی۔شرما نے کہا”ایروپونکس طریقہ استعمال کرتے ہوئے کاشتکاری کے لیے بہت زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے۔ لہٰذا اس طریقہ کو استعمال کرتے ہوئے زعفران اگانے والے لوگوں کو بجلی کے بلوں کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شمسی توانائی کا استعمال کرنا چاہیے۔اس کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے اکثر “سرخ سونا” کہا جاتا ہے، زعفران کھانے کے ساتھ ساتھ کاسمیٹکس اور ادویات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔