عظمیٰ نیوز سروس
سوپور//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کل سوپور کی فروٹ منڈی میں واٹر سپلائی سکیم کا اِفتتاح کیا جو ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ مارکیٹ ہے۔اِفتتاحی تقریب میں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا، وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار اور ایم ایل اے سوپوراِرشاد احمد کار نے شرکت کی۔یہ اہم بنیادی ڈھانچہ پی ایم ڈی پی کے تحت 6.37 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ۔ اَب ہزاروں تاجروں، کارکنوں اور روزانہ منڈی آنے والے لوگوں کے لئے پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ واٹر سپلائی سکیم نہ صرف منڈی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی بلکہ یہاں روزانہ کام کرنے والے ہزاروں اَفراد کے معیار ِزندگی کو بہتر بنائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اَقدام جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے جس سے یہ تجارت اور معاشی ترقی کے لئے زیادہ سازگار ہوگا۔وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے اَپنے خطاب میں صحت کے خطرات کو روکنے اور ریاست کے ایگریکلچر ہبوں میں پیداواری صلاحیت کو فروغ دینے میں صاف پانی تک رَسائی کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔ وزیر برائے زرعی پیدوار جاوید احمد ڈار نے بھی اِس بات پر زور دیا کہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ تاجروں اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری ہے جو اَپنی روزی روٹی کے لئے ان ہبوںپر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔یہ سکیم پینے کے صاف پانی کو یقینی بنا کر پوری منڈی کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر وزرأ نے لوگوں سے بات چیت کی اور صدر سوپور فروٹ منڈی نے سوپور فروٹ منڈی کے اندرونی لنکس کی مرمت ، ٹرک یارڈ ، مزبغ پل کی تعمیر ، لڈورہ سوپور فروٹ منڈی روڈ کی چوڑائی ، ایک نجی شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر، سٹریٹ لائیٹنگ اور دیگر ترقیاتی مسائل سے متعلق مسائل اُٹھائے۔