عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے آج آلو کے بیجوں کے ملٹی پلیکشن فارم بوسیان بارہمولہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے فارم کے مختلف بلاکس کا معائنہ کیا اور مذکورہ فارم کے تکنیکی ماہرین اور عملے سے بات چیت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے محکمہ سیڈ ملٹی پلیکیشن فارمز کی تبدیلی کے لیے بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس آلو کے بیج سمیت مختلف قسم کے سبزیوں کے بیجوں کی پیداوار کے لیے بہترین موزوں زرعی موسمی حالات ہیں۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ علاقے کی کاشتکار برادری تک صرف معیاری بیج ہی پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بیج کی پیداوار میں خود انحصاری کے حصول کے لیے ایک منصوبے پر غور کر رہے ہیں اور اس سمت میں محکمانہ فارمز اہم اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ تمام کوششیں کریں تاکہ نہ صرف مقامی آلو کی ضرورت پوری ہو بلکہ کشمیر سے آلو ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کیا جائے۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ ہم نے مختلف زرعی فصلوں کی مارکیٹنگ کے طریقہ کار کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے نوجوان زرعی ماہرین سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور تجارتی خطوط پر آلو کی کاشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس فصل کی قدر میں اضافے کی بہت گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آلو جموں و کشمیر کی زرعی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والوں میں سے ایک ہوگا۔ ڈائریکٹر زراعت نے ان ڈپارٹمنٹل فارمز کو جدید سائنسی خطوط پر تبدیل کرنے میں شاندار کام کرنے پر تکنیکی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔