عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//ٹریفک حکام نے بدھ کے روز کہا کہ بہتر موسم اور سڑک کی اچھی حالت کے پیش نظر، کل، جمعرات کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے چھوٹی گاڑیوں (LMVs) کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیاں (HMVs)کو سڑک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جکھینی (اودھم پور) سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
کٹ آف ٹائمنگ کے بارے میں، ٹریفک پولیس نے کہا کہ قومی شاہراہ کے ساتھ ڈھلواس میں سنگل روڈ کے پیش نظر، سڑک کی حالت کے لحاظ سے درج ذیل اوقات میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
نگروٹہ (جموں) سے گاڑیوں کو صبح 6 بجے سے 11 بجے کے درمیان جبکہ جکھینی (اودھم پور) سے 7 بجے سے 12 بجے تک اور NAVYUG ٹنل (قاضی گنڈ کی طرف) سے جموں کی طرف صبح 06 بجے سے 11 بجے کے درمیان چلنے کی اجازت ہو گی۔ کٹ آف ٹائمنگ کے بعد کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹریفک پولیس نے سیکورٹی فورسز کو مشورہ دیا کہ وہ شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان سنگل سڑک کی وجہ سے ٹریفک کی بھیڑ کے درمیان ٹریفک ایڈوائزری کے خلاف نہ چلیں۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سرینگر-سونمرگ-گمری، مغل روڈ، بھدرواہ-چمبا روڈ، اور کشتواڑ-سنتھن-اننت ناگ برف جمع ہونے کی وجہ سے مسدود ہیں۔
ٹریفک پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹس سے سڑک کی حالت کی تصدیق کے بعد ہی سرینگر جموں قومی شاہراہ پر سفر شروع کریں۔