ایم ایم پرویز
رام بن//مہا شیو راتری جمعہ کو جموں صوبے کے چناب خطے کے تین اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔چندر کوٹ میں دریائے چناب کے کنارے قدیم شیو غار پر عقیدت مندوں کا بہت زیادہ رش دیکھا گیا۔عقیدت مندوں کی اکثریت اس دن برتھ رکھ کر تہوار مناتی ہے اور مندروں میں شیو لنگوں کے رسمی غسل کے ساتھ بھگوان شیو کی پوجا کرتی ہے۔ضلع بھر میں شیو راتری کے موقع پر مختلف قصبوں اور آس پاس کے علاقوں کے مندروں نے سینکڑوں عقیدت مندوں کا استقبال کیا۔ضلع بھر کے مختلف قصبوں میں تہوار منانے کے لئے مندروں کو سجایا گیا اور جوش و خروش کے ساتھ تیار کیا گیا۔اس موقع پر شہر کے رگھوناتھ مندر رام بن کے فعال تعاون سے شیو مندر میترا سے ایک متاثر کن شوبا یاترا نکالی گئی۔شوبھا یاترا گووند پورہ میترا، بولی بازار اور مین بازار رام بن سمیت علاقوں سے گزری اور آخر میں رگھوناتھ مندر رامبن پر اختتام پذیر ہوئی۔بڑی تعداد میں عقیدت مندوں بشمول مرد، خواتین اور بچے راستوں کے ساتھ کھڑے ہو کر شوبھا یاترا کا خیرمقدم کیا۔رام بن قصبے کی تجارتی تنظیموں نے یاترا میں آنے کے لئے بازاروں کو کچھ مقامات پر گیٹ اور بنٹنگز سے سجایا تھا۔میترا میں سناتن دھرم سبھا اور رام بن میں مقامی لوگوں کے ذریعہ لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔پولیس انتظامیہ نے ضلع بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔چندر کوٹ میں دریائے چناب کے کنارے قدیم شیو غار پر عقیدت مندوں کا بہت زیادہ رش دیکھا گیا۔بھدرواہ، پریم نگر ڈوڈہ، ٹھاٹھری ،کشتواڑ اور پدر سے شیو راتری کی تقریبات کی اسی طرح کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دریں اثنا، ضلع انتظامیہ نے رام بن ضلع میں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں۔