ماہ رمضان سے قبل سڑک پر آمد ورفت بحال کرنے کی مانگ
عاصف بٹ
کشتواڑ //سب ڈویژن مڑواہ کی 40000ہزار سے زائد کی آبادی کو جموں کشمیر کے مختلف علاقہ جات سے جوڑنے والی واحد مرگن گاورن انشن سڑک برفباری کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ سے آمد ورفت کیلئے بند پڑی ہوئی ہے تاہم اب اس سڑک کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔بڑھتی ہوئی عوامی مانگ کے بعد اب محکمہ پی ایم جی ایس وائی مڑواہ نے مرگن سے انشن سڑک پر برف ہٹانے کا عمل بھی شروع کیا ہے۔ یہ سڑک دو ڈویژن کے تحت ہے جہاں اننت انتظامیہ گاورن سے مرگن تک برف ہٹانے میں لگی ہوئی ہے وہی کشتواڑ ڈویژن کے تحت آنے والے حصہ پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے برف ہٹانے کاعمل شرو ع کردیا ہے۔ یہ سڑک گزشتہ ماہ میں مرگن ٹاپ پر ہوئی برفباری کے سبب آمدرفت کیلئے بند ہوئی تھی جسکے بعدسے علاقہ جات کی عوام کا سڑک رابطہ منقطع ہوکررہ گیا ہے وہی علاقہ کی عوام نے اس سڑک کو ماہ رمضان سے قبل آمدرفت کے قابل بنانے کی اپیل کی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں راشن ادویات و دیگر ضروری اشیا کی کمی پائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دیگر علاقوں سے رابطہ ختم ہونے کے بعد علاقہ میں بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی انتہائی مشکل ہو تی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ کچھ ہی دنوں کے بعد رمضان شروع ہو رہا ہے جبکہ اس پاک ماہ میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے جلدازجلد سڑک کو بحال کیا جائے ۔
بسولی بنی ۔بھدرواہ سڑک کی بحالی کا کام جاری
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//باڈر روڈ آرگنائزیشن کی جانب سے پروجیکٹ سمپارک کے تحت بسولی بنی تا بھدرواہ سڑک سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ اس سڑک کو جلدازجلد ٹریفک کیلئے بحال کیاجاسکے ۔روڈ کنسٹرکشن کمپنی (جی آر ای ایف) کی35 بی آر ٹی ایف کے ذریعے بھدرواہ سڑک پر برف صاف کرنے کیلئے کام کیاجارہا ہے جبکہ مذکورہ ایجنسی کے مطابق سرتھل اور کھردوا کے علاقے میں اس موسم کے دوران جمع ہونے والی برف کو ہٹا کر نقل و حمل کوبرقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے بتایا کہ سردی کے موسم میں اس خطے میں تقریباً 4 سے 8 فٹ تک بھاری برف جمع ہوچکی ہے۔ رہائش پذیر علاقوں سے رابطے کو یقینی بنانے کے لئے باریک بینی سے منصوبہ بندی کی گئی اور اس علاقے میں برف صاف کرنے کے لئے ضروری مشینری اور وسائل کو تعینات کیا گیا۔ برف ہٹانے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور سرتھل تک سڑک کو کھلا رکھا گیا ہے اور چھترگلہ کی جانب سڑک سے برف کو ہٹایا جارہا ہے ۔