عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// خطہ چناب کے ڈوڈہ ضلع میں جمعرات کو پولیس نے ایک گھر سے دیودار کے 150 سلیپر ضبط کیے ہیں تاہم ملزم فرار ہو گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ لکڑی کے شہتیروں کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم گندوہ کے تانٹا علاقے میں گشتی ڈیوٹی پر تھی جب اُسے ایک اطلاع ملی کہ شاہ محمد نامی ایک شخص تانٹا جنگل میں غیر قانونی طور پر دیودار کے ہرے بھرے درختوں کو کاٹ رہا ہے اور اسے فروخت کرنے کے مقصد سے اپنے گھر کے قریب ذخیرہ کر رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر، پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی، علاقے کی تلاشی لی گئی، جس دوران 150 دیودار سلیپرز برآمد ہوئے جنہیں ملزم نے اپنے گھر کے قریب رکھا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سلیپرز کو ضبط کر لیا گیا ہے اور گندوہ پولیس تھانہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
ڈوڈہ پولیس نے لکڑی، منشیات اور مویشیوں کے سمگلروں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پڑوس میں سمگلنگ کی کوئی سرگرمی نظر آتی ہے تو معلومات فراہم کریں تاکہ مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔