یواین آئی
جے پور// مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے راجستھان حکومت پر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ ریاست ترقی کی دوڑ میں بری طرح پیچھے رہ گئی ہے اور خوشامد یہاں کی حکومت کا بنیادی منتر ہے۔ان دنوں چوہان انتخابی مہم کے سلسلے میں جے پور میں ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ریاست میں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کو پامال کیا گیا ہے۔ خوشامد راجستھان حکومت کا اصل منتر رہا ہے، ہندو تہواروں پر دفعہ 144 نافذ، جلوسوں پر پابندی، پورا ملک حیران رہ گیا کہ ادے پور میں ایک شخص کی گردن کیسے کاٹ دی گئی۔ کانگریس نے ریاست کو جرائم کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ راجستھان ترقی کی دوڑ میں بری طرح پیچھے رہ گیا ہے اور کرپشن کا اڈہ بن گیا۔ چوہان نے کہا کہ راجستھان حکومت ساڑھے چار سال تک ریزورٹ میں رہی اور پچھلے چھ ماہ میں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت باہر آئے اور اعلانات کرنے لگے۔