عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// کٹھوعہ ضلع میں بھاری بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس دوران خاتون، طالب علم سمیت تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے بنی علاقے میں شدید بارش کے بعد دو مکانات گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی تاہم مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بنی کے سرجن موڑہ ارود بلاک میں مشتاق احمد اور عبدالقیوم کے دو مکان شدید بارش کی وجہ سے گر گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں سمیت پانچ افراد ان مکانوں کے نیچے دب گئے، جس دوران ایک شخص محمد عارف ولد عبدالقیوم کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس اور مقامی رضاکاروں سمیت ریسکیورٹیمیں بچاﺅ کاروائی میں لگی ہیں۔
ایس ایس پی کٹھوعہ شیودیپ سنگھ جموال نے ملبے سے ایک لاش کی برآمدگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے تو انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ بنی علاقے میں پسی گرنے کی وجہ سے ایک خاتون ، شناخت نسیمہ بیگم زوجہ محمد رفیق سکنہ مانڈھوٹہ تحصیل بنی ہلاک ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ساتویں جماعت کے طالب علم اجے سنگھ ولد مرحوم موہنیر سنگھ کی لاش اس کی رہائش گاہ کے قریب بنی میں ایک اور مٹی کے تودے کے ملبے سے برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ اسی دوران ایک شخص شام لال ولد تارا چند جو بنی کی تحصیل بھولاری میں پسی کی زد میں آ کر دب گیا ہے تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔
ایس ڈی ایم بنی ستیش کمار نے بتایا کہ دیگر علاقوں سے سیلاب کی اطلاعات ہیں اور سرکاری ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔