یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دارالحکومت دہلی اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے بات کی اور موسلادھار بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
ذرائع کے مطابق مسٹر شاہ نے اتوار کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی اور موسلادھار بارش کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
مسٹر سنہا کے ساتھ بات چیت میں مرکزی وزیر داخلہ نے موسلادھار بارش کی وجہ سے گزشتہ دو دنوں سے معطل شری امرناتھ یاترا کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امرناتھ یاتریوں کے لیے کی گئی سہولیات اور حفاظتی انتظامات کے بارے میں بھی بات کی۔
قابل ذکر ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے شری امرناتھ یاترا کو دو دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
راجدھانی دہلی میں بھی ہفتہ سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع اور جام کا مسئلہ ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے دارالحکومت کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جس سے بعض مقامات پر نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔