عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//منیش ساہنی، صدر شیو سینا (یو بی ٹی) جموں و کشمیر نے ممبئی میں یووا سینا کے قومی صدر آدتیہ ٹھاکرے سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے مقامی مسائل پر رہنمائی طلب کی۔ ساہنی نے انکشاف کیا کہ آدتیہ ٹھاکرے نے ریاست میں آئندہ انتخابات کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی ہیں۔آدتیہ ٹھاکرے نے جموں و کشمیر میں جمہوری نظام اور ریاستی حیثیت کی بحالی میں طویل تاخیر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے ارادوں پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پانچ سال سے جموں و کشمیر جو جمہوری ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے، ایک غیر جمہوری نظام کو برداشت کر رہا ہے، جس کی نمائندگی گورنر اور لیفٹیننٹ گورنر کرتے ہیں۔دریں اثنا، حکومت کشمیری پنڈتوں کی واپسی، کشمیر میں امن کے حصول، اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے سمیت مختلف مقامی مسائل پر ناکام رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ بی جے پی کے جھوٹے اور خالی وعدوں سے تنگ آچکے ہیں۔ رہنما اور زعفرانی پارٹی کی پالیسیوں سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مایوسی جمہوری بحالی کے عمل میں تاخیر کی بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔ساہنی نے مطلع کیا کہ پارٹی ہائی کمان نے جموں و کشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات سمیت آئندہ انتخابات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ماتا ویشنو دیوی سرکٹ کے قیام کی مانگ کو بھی پوسٹروں کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔