عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// منگل اور بدھ کی درمیانی شب راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں چار مسافروں کی موت ہو گئی اور آٹھ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق، صبح تقریباً 2:30 بجے ایک ایکو گاڑی جو مسافروں کو لے کر جا رہی تھی، تھنہ منڈی-بھنگائی روڈ پر گہری کھائی میں گر گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ گاڑی میں بارہ مسافر سوار تھے جن میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ ایک اور نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال تھنہ منڈی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ آٹھ زخمی مسافر جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال، راجوری میں زیر علاج ہیں۔
متوفین کی شناخت شمیم اختر (55) زوجہ منیر حسین، روبینہ کوثر (35) زوجہ پرویز احمد، زرینہ بیگم (38) زوجہ محمد اعظم اور محمد یونس (38) ولد محمد صادق کے طور پر ہوئی ہے، جو تمام کے بونگائی کے رہائشی ہیں۔
آٹھ شدید زخمی مریضوں کی شناخت شاہین بیگم (40) زوجہ محمد صادق، زیتون بیگم (35) زوجہ فاروق، شاہین بیگم (45) زوجہ حاکم دین، بیگم جان (50) زوجہ فضل حسین، فاطمہ بیگم (50) زوجہ محمد مکھنا، سوریہ بیگم (35) زوجہ محمد قاسم اور کلثوم بیگم (40) زوجہ برکت حسین اور محمد قاسم (60) ولد غلام حسین کے طور پر ہوئی ہے، تمام بھنگائی کے رہائشی ہیں۔
جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود ایچ بجار نے بتایا کہ آٹھ شدید زخمی مریضوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔