عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموںمیں گزشتہ ماہ زمین کے تنازعہ پر ایک رشتہ دار کو قتل کرنے کے الزام میں3خواتین سمیت 3 جوڑوں کو گرفتار کیا گیا۔جموں پولیس نے اتوار کو بتایاکہ21جون کو درشن لال نامی شہری کو جموں کے مضافات میں کھوڑ کے چک ملال گاؤں میں ان کے گھر کے قریب ایک ٹریکٹر نے مبینہ طور پر ٹکر مار کر ہلاک کر دیا تھا۔پولیس نے کہا کہ تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات کے دوران یہ حادثہ پہلے سے منصوبہ بند قتل ثابت ہوا۔
جموں پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ تمام 6 ملزمین کو کٹھوعہ، سانبہ اور ریاسی اضلاع میں مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اس جرم میں استعمال ہونے والے ٹریکٹر کو بھی ضبط کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدن لال، اس کی بیوی سوما دیوی، سدیش کمار عرف شنڈا، اس کی بیوی نیلم کماری اور سورن سنگھ عرف گوشا اور اس کی بیوی سیما دیوی کے طور پر کی گئی ہے، یہ سبھی کھوور کے پرنگلا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔پولیس نے مزید کہاکہ گرفتار ملزمان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ،اوراس سلسلے میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔