یو این آئی
جموں// مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کا وقار اور قد عالمی سطح پر بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبل ازیں جب بھارت بین الاقوامی سطحوں پر کوئی بات کرتا تھا تو اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا۔
ان کا کہنا تھا لیکن جب سے سال 2014 میں نریندر مودی نے اقتدار سنبھالا تب سے صورتحال تبدیل ہوئی ہے۔
موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں جموں یونیورسٹی کے جنرل زورا ور سنگھ آڈیٹوریم میں قومی سیکورٹی کنکلیو سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘آج جب بھارت بولتا ہے تو دنیا انہماک سے سنتی ہے ایسا پہلے نہیں ہوتا تھا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آج بین الاقوامی سطح پر بھارت کا وقار بڑھ گیا ہے اور اس کا قد بھی اونچا ہوا ہے، جس سے مودی جی نے اقتدار سنبھالا ہے تب سب صورتحال تبدیل ہوئی ہے قبل ازیں جب بھارت بین الاقوامی سطح پر کوئی بات کرتا تھا تو اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا’۔
وزیر اعظم کے حالیہ 6 روزہ دورہ امریکہ اور مصر کے تناظر میں بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا: ‘ایک ملک کے وزیر اعظم نے ہمارے وزیر اعظم کو ‘باس’ قرار دیا جبکہ امریکہ کے صدر جیو بائیڈن نے کہا کہ مودی اس قدر مقبول ہیں کہ ان کا آٹو گراف لینے کی خواہش ہوتی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ماہ گذشتہ سڈنی میں منعقدہ ایک ڈائاسپورا پروگرام میں، آسٹرلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی نے مودی کو ‘باس’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بھارتی ہم منصب کو وہ استقبال دیا گیا جو سال 2017 میں اسی مقام پر پرفارم کرتے ہوئے امریکی راک سٹار ہروس اسپرنگسٹن کو بھی نہیں ملا تھا’۔