محمد بشارت
ریاسی// ضلع ریاسی میں پیش آئے ایک انسانیت سوز واقع میں ایک بیٹے نے دیگر دو لوگوں کے ساتھ مل کر اپنے باپ کو قتل کر دیا اور لاش کو ٹھکانے لگانے کے بعدگمشدگی کی جھوٹی کہانی رچی ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ 30مارچ 2023 کو دلیپ سنگھ ولد گوپی چند ساکن ٹوٹے تحصیل بھومگ ضلع ریاسی نامی ایک شخص پولیس تھانہ ریاسی میں حاضر ہوا اور تحریری شکایت درج کرائی کہ اس کا بھائی پرمجیت سنگھ ولد گوپی چند ساکن ٹوٹے ریاسی سے 27مارچ سے لاپتہ ہوگیا ہے۔ جس کے بعد پولیس تھانہ ریاسی میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی اور تحقیقات شروع کی گئی۔
تفتیش کے دوران انسانی اور تکنیکی مدد کا استعمال کرتے ہوئے پولیس نے چند مشتبہ افراد کو پکڑا ، جس دوران پتہ چلا کہ مذکورہ شخص پرمجیت سنگھ کو اس کے بیٹے اور کچھ دوسرے ساتھیوں نے مل کر قتل کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ انکشافات کے بعد پولیس تھانہ ریاسی میں آئی پی سی کی دفعہ 34، 109، 342 ، 368 اور 302 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 133/2023 درج کیا گیا اور قتل میں ملوث ملزمان کا پتہ لگانے کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ مختلف مقامات پر چھاپہ مار کر پولیس تھانہ ریاسی کی پولیس ٹیموں نے ملزمین سشیل چندر ولد سنسار چند ساکنہ چوراکوٹ تحصیل بھومگ ضلع ریاسی، وکاس ٹھاکر ولد مرحوم پرمجیت سنگھ ساکن ٹوٹے تحصیل بھومگ اور وپن کمار ولد رتن لال سکنہ کوٹلی مانوٹریان ضلع ریاسی کو گرفتار کرلیا۔
ملزمین سشیل چندر، وکاس ٹھاکر اور وپن کمار سے تفتیش اور پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پرم جیت سنگھ ساکن چوراکوٹ کو 27مارچ 2023 کو مشترکہ اور مجرمانہ نیت سے قتل کیا اور نعش کو قریب ہی سرلا بھاگا علاقہ میں دفن کر دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے اعتراف کے بعد تھانہ ریاسی کی ایک ٹیم ایس ایچ او ریاسی اور ایف ایس ایل کی سربراہی میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں تدفین کے مقام پر پہنچی اور ملزمان کے دکھائے گئے علاقے کی کھدائی شروع کردی۔ کھدائی کے بعد جائے وقوعہ سے متوفی کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ تمام قانونی رسمی کارروائیوں کے بعد لاش کو ریاسی ہسپتال منتقل کیا گیا اور وہاں سے اسے مزید پوسٹ مارٹم اور مزید طبی جانچ کے لیے جی ایم سی جموں بھیج دیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس پورے آپریشن کی قیادت انسپکٹر وجے شرما، ایس ایچ او ریاسی اور نیرج پڈیار، ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر ریاسی، امیت گپتا، ایس ایس پی ریاسی کی نگرانی میں پولس تھانہ ریاسی کی ٹیموں نے کی۔
ایس ایس پی ریاسی نے اس سلسلے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے مزید کہا کہ اب تک 03 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور پرمجیت سنگھ کے قتل کے پیچھے محرکات کا پتہ لگانے کے لیے کیس کی مزید تفتیش جاری ہے، اس معاملے میں مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی جانب سے ایسا وحشیانہ فعل شاذ و نادر ہی ہوتا ہے، ایسے مجرم ہمارے سماجی تانے بانے پر سیاہ دھبہ ہیں۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ اس گھناو¿نے فعل میں انصاف کو یقینی بنانے کے لیے تحقیقات میں ہر ثبوت کو شامل کیا جائے گا۔