پٹنہ//جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتے کے روز کہا کہ جس ریاست پر انہوں نے حکومت کی تھی، اب اس کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جموں وکشمیر مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کے لیے ایک “لیبارٹری” تھی۔
حزب اختلاف کی میٹنگ کے ایک دن بعد پٹنہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ اقتدار میں واپس آتی ہے تو پورے ملک کی “کشمیرائزیشن” کا خدشہ ظاہر کیا جا سکتا ہے۔
مفتی نے کہا،”یہ درحقیقت بھارت کے خیال پر حملہ ہے۔ یہ سب سے زیادہ واضح تھا جب انہوں نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا اور اس کے رہنماو¿ں بشمول تین سابق وزرائے اعلیٰ کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا“۔
اُنہوں نے کہا، ” جموں وکشمیر ایک تجربہ گاہ تھی۔ آج جو کچھ ہم دہلی میں دیکھتے ہیں، مرکزی آرڈیننس کے ذریعے، ہماری ریاست میں بہت پہلے شروع ہوا تھا۔ بدقسمتی سے، اس وقت بہت کم لوگوں نے اسے سمجھا تھا”۔
محبوبہ ، جنہوں نے سال 2018 تک بھاجپا کے ساتھ اتحاد کر کے جموں و کشمیر میں حکومت چلائی تھی، نے مزید کہا،”اگر بی جے پی 2024 میں اقتدار میں واپس آتی ہے تو آئین کو پامال کرے گی اور پورے ملک کی کشمیرائزیشن کا آغاز کرے گی”۔
جموں و کشمیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے تجربہ گاہ بنا دیا: محبوبہ مفتی