راجوری// مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے اکتوبر 2021 سے اب تک آٹھ حملوں میں 26 فوجی اہلکاروں سمیت 35 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ راجوری کے جنگلاتی کنڈی علاقے میں انسداد ملی ٹینسی آپریشن کے دوران فوج کے پانچ ایلیٹ پیرا کمانڈوز مارے جانے کے بعد علاقے کا دورہ کر رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راج ناتھ سنگھ، آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ، جموں میں ایک مختصر قیام کے بعد راجوری میں ایس آف سپیڈس ڈویژن کے ہیڈکوارٹر پہنچے، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں مصروف فوج سے بھی بات چیت کی۔
بتادیں کہ جمعہ کو کنڈی کے علاقے میں ایک کومبنگ آپریشن – ’آپریشن ترنیترا‘ کے دوران فوج کے 5 اہلکار ہلاک اور ایک میجر رینک کا افسر زخمی ہوا۔ وہیں آج صبح علاقے میں چھپا ایک ملی ٹینٹ مارا گیا اور امکان ہے کہ ایک اور زخمی ہواہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ وزیر دفاع سے پہلے دہلی سے جموں پہنچے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بھی وزیر دفاع کا استقبال کرنے کے لیے اعلیٰ سول اور فوجی افسران کے ساتھ شرکت کی۔
حکام نے بتایا کہ شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی، کور کمانڈر وائٹ نائٹ کور، اور ڈویژنل کمشنر، جموں بھی راج ناتھ کے ساتھ راجوری کا دورہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کنڈی جنگل میں آپریشن کے بارے میں بریفنگ حاصل کرنے کے بعد، وزیر دفاع نے جموں واپس آنے سے پہلے جموں و کشمیر، خاص طور پر راجوری اور پونچھ میں مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔
جموں صوبہ کے راجوری اور پونچھ، جنہیں ایک دہائی قبل ملی ٹینسی سے پاک قرار دیا گیا تھا، گزشتہ 18 مہینوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے کئی مہلک حملوں سے لرز اٹھا ہے۔
کنڈی کے جنگل میں پانچ جوانوں کی ہلاکت اس سال کا تیسرا بڑا واقعہ ہے۔ یہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب بھاٹہ دوڑیاں پونچھ میں فوج کے ایک ٹرک پر گھات لگا کر کیے گئے حملے کے بعد فورسز گزشتہ 15 دنوں سے بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشن میں مصروف تھیں۔
20 اپریل کو اس وقت پانچ فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا جب افطار کے لیے پھل اور سبزیاں لے جانے والے فوجی ٹرک کو جنگجووں نے بم سے اڑا دیا اور گولیوں کا نشانہ بنایا۔
واقعے کے تناظر میں کومبنگ آپریشن کے دوران 250 سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چھ اوور گراونڈ کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے ملی ٹینٹوں کی مکمل حمایت کی۔
فوجی حکام کے مطابق ملی ٹینٹوں نے اب فوجیوں کو شامل کرنے یا لوگوں پر حملہ کرنے اور پھر کومبنگ آپریشنز میں مصروف سیکیورٹی فورسز کو نقصان پہنچانے کے لیے دیسی ساختہ بم بچھانے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔
راجوری کے ڈانگری گاوں میں بھی ایسا ہی ہوا جہاں اس سال یکم جنوری کو ملی ٹینٹوں نے دو حملوں میں سات شہریوں کو ہلاک کر دیا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کاراجوری دورہ، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا