سیول//یو این آئی// ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی 56 ویں سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے جنوبی کوریا کے چار روزہ دورے پر آج یہاں پہنچی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اے ڈی بی کے صدر ایم اساکاوا سے ملاقات کی۔اس سے قبل ان کی یہاں آمد پر ہوائی اڈے پر ہندوستانی سفیر امت کمار نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعدمحترمہ سیتا رمن نے اے ڈی بی کے صدر کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران، محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ ہندوستان اے ڈی بی کے آپریشن کے لیے ایک بہت اہم ملک ہے اور انہوں نے اے ڈی بی کی قرض دینے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے جدید فنانسنگ میکانزم اپنانے میں مدد کرنے کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے اے ڈی بی کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ ترقی پذیر رکن ممالک کی مؤثر طریقے سے مدد کرنے کے طریقوں کا خود جائزہ لے ۔انہوں نے اے ڈی بی سے رعایتی موسمیاتی مالیات میں ہندوستان کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی معیشت اور ترقی کے عمل کا علاقائی اور عالمی سطح پر بہت بڑا اثر پڑ سکتا ہے ۔اس پراے ڈی بی کے صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ رکن ممالک کے لیے 100 ارب ڈالرکا موسمیاتی فنانسنگ کا عزم پہلے ہی کیاجاچکا ہے ۔اس کے بعد محترمہ سیتا رمن نے سیمسنگ الیکٹرانکس کے گلوبل سی ایف اوہارک کیو پارک، ساتھ مستقبل کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔محترمہ سیتا رمن نے سیول میں ایک پروگرام میں ہندوستانی تارکین وطن سے بھی خطاب کیا۔