نیوز ڈیسک
جموں //ایس ایس پی سانبہ بینم توش کی رہنمائی میں، پولیس نے مختلف علاقوں سے مزید تین (3) لاپتہ خواتین کا سراغ لگایا اور انہیں ان کے اہل خانہ سے ملایا ہے۔ یہاں جاری ایک بیان کے مطابق، سانبہ تحصیل کے علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک لاپتہ نوجوان لڑکی کو پولیس نے بھدرواہ سے بر آمد کیا۔ دوسری لاپتہ خاتون جس کا تعلق بھی سانبہ تحصیل سے ہے ، کووجے پور کے علاقے سے برآمد کیا گیا ہے اور تیسری لاپتہ خاتون کو وجے پور کے علاقے سے برآمد کیا گیا ۔ جو تحصیل راجپورہ کی رہائشی ہے۔ لاپتہ خواتین کے رشتہ داروں نے اپنے لاپتہ کنبہ کے افراد کی بازیابی کے لیے پولیس سے رجوع کیا تھا اور متعلقہ تھانے میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ کی بنیاد پر پولیس نے لاپتہ خواتین کو بازیاب کر کے ان کے اہل خانہ سے ملوا دیا ہے۔ لاپتہ خواتین کو ایس ایچ او تھانہ سانبہ راجیشور سنگھ، ایس ایچ او تھانہ گھگوال بھارت بھوشن، پی ایس آئی رجت شرما اور ایس آئی یوگ راج پر مشتمل پولیس ٹیموں نے ڈپٹی ایس پی گرو رام بھاردواج اور ایڈیشنل ایس پی سانبہ سریندر چودھری کی نگرانی میں برآمد کیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سانبہ بینم توش نے کہا کہ پولیس نے تین ماہ کے دوران کشمیر، رام بن، بھدرواہ، امرتسر ، جالندھر ، نینی تال (اتراکھنڈ)، کٹرہ، سید پور پنجاب اور جموں اور کئی دیگر مقامات سے 23 خواتین سمیت 31 لاپتہ افراد کو بازیاب کیا ہے۔ انہیں قانون کے تحت مناسب طریقہ کار کے بعد ان کے اہل خانہ سے ملایا گیا ہے۔