پونچھ// وادی کشمیر کو پیرپنجال خطہ کے پونچھ ضلع سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ پر بحالی کا کام تکمیل کے قریب ہے اور آئندہ 2 روز میں بحالی متوقع ہے۔ تاہم مختلف مقامات پر پسیاں گرنے کی وجہ سے بحالی میں تاخیر ہورہی ہے۔
اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (AEE) مغل روڈ رانا اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بحالی کا کام زوروں پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برف صاف کر دی گئی ہے اور چند جگہوں سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔
مغل روڈ ، جو وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبہ کے ضلع پونچھ سے ملاتی ہے۔ علاقے کے لوگوں کے لیے ایک اہم لائف لائن ہے، شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی ماہ سے بند ہے۔ بحالی کا کام گزشتہ ماہ قبل شروع ہوا تھا جو اب تکمیل کے قریب ہے۔
مغل روڈ کی بحالی میں تاخیر سے مقامی لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑک کی بندش سے ضروری سامان اور اشیاءکی نقل و حمل کے ساتھ ساتھ لوگوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی ہے وہیں مریضوں کو بھی کئی طرح کی دقتوں کا سامنا ہے۔
اے ای ای رانا اقبال نے کہا کہ بحالی کا کام اگلے دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا،پسیاں گرآنے سے درپیش چیلنجز کے باوجود بحالی کا کام اچھی طرح سے جاری ہے۔ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں کہ سڑک کو جلد از جلد دوبارہ کھول دیا جائے۔
ادھر، مقامی لوگ اس تاریخی سڑک کے دوبارہ کھلنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جس سے خطے میں کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
تاریخی مغل روڈ کی بحالی رواں ہفتے متوقع