شملہ//کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے بدھ کو کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران سیکورٹی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کانگریس لیڈر راہل گاندھی جموں و کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران پیدل فاصلہ کم کر سکتے ہیں۔جموں و کشمیر کے حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشن جئے رام رمیش نے کہا،”راہل گاندھی جموں و کشمیر میں پد یاترا کریں گے لیکن سیکورٹی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہم سیکورٹی کے حوالے سے ریاستی حکام کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور شاید پیدل فاصلے کو کم کیا جائے گا”۔
رمیش بدھ کی صبح ہماچل پردیش میں داخل ہوئی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ادھر اے آئی سی سی جموں وکشمیر انچارج رجنی پاٹل نے کہا ہے کہ یاترا جمعرات کی شام پنجاب سے لکھن پور (جموں و کشمیر میں) میں داخل ہوگی۔
وہیں جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے منگل کو کہا تھا کہ جب یاترا جموں وکشمیر میں پہنچے گی تو اسے مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا یاترا کو پیدل جانے کی اجازت دی جائے گی، ڈی جی پی نے جواب دیا کہ یاترا کے دوران یقینی بنایا جائے گا کہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یاترا کو “سیکیورٹی کے نقطہ نظر کے ساتھ ساتھ جہاں بھی ضرورت ہو گی رہنمائی کی جائے گی”۔ان چیزوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا کیونکہ ہمارے یہاں ٹریفک اور دیگر مسائل ہیں۔ ایک بڑی یاترا لوگوں کی تکلیف کا باعث بن سکتی ہے کیونکہ سڑکیں بلاک ہو سکتی ہیں”۔
سنگھ نے کہا، “ہماری کوشش ہوگی کہ جہاں بھی سنگل سڑک ہو گاڑیوں کے ساتھ یاترا کو آگے بڑھایا جائے، دیگر جگہوں پر، شرکاءپیدل بھی چل سکتے چلیں”۔
یاد رہے کہ7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے والی یاترا سری نگر میں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا نے اب تک تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، راجستھان، دہلی، اتر پردیش، ہریانہ اور پنجاب کا احاطہ کیا ہے۔
بھارت جوڑو یاترا:جموں و کشمیر میں پیدل فاصلہ کم کیا جا سکتا ہے:جئے رام رمیش